بچوں کے مزے، اسکولوں کی چھٹیوں میں اضافہ

بچوں کے مزے، اسکولوں کی چھٹیوں میں اضافہ

پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومت نے سردی میں اضافے کے باعث اسکولوں کی چھٹیوں میں اضافہ کردیا، تعلیمی ادارے اب یکم کے بجائے 7 جنوری کو کھلیں گے۔

محکمہ تعلیم پنجاب نے سردی میں اضافے کے باعث اسکولوں کی چھٹیوں میں اضافہ کردیا، صوبہ بھر میں تعلیمی ادارے اب 7 جنوری کو کھلیں گے۔

وزیر تعلیم پنجاب کے مطابق چھٹیوں میں اضافہ سردی کی شدت بڑھنے کے باعث کیا گیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بھی سردی کی لہر میں اضافے پر صوبے کے تعلیمی اداروں کی چھٹیاں بڑھادیں، اسکول 6 جنوری تک تعطیل کے بعد 7 جنوری 2019ء بروز پیر کو کھلیں گے۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سردیوں کی چھٹی کے بعد اسکول یکم جنوری 2019ء کو کھلنے تھے۔

گزشتہ سے پیوستہ

لاہورمیں دھند کے باعث ایم ٹو موٹروے لاہور سے کوٹ مومن تک بند کردی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش سے دھند کی شدت میں کمی آئے گی، اس لیے شہریوں کو بےصبری سے بارش کا انتظارہے۔

قومی شاہراہ پرلودھراں اور بہاولپور سمیت موٹرویز کے مخلتف مقامات پردھند کے باعث حد نگاہ 50 میٹر رہ گئی۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث خانیوال ملتان موٹر وے بندکر دی گئی۔ اس کے علاوہ کوٹ مومن، فیصل آباد اور گوجرہ میں بھی موٹرویز پر ٹریفک روک دیا گیا خانیوال، ملتان، لودھراں، بہاولپور، ساہیوال، چیچہ وطنی ، میاں چنوں سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دھند کا راج ہے۔

موٹر وے پولیس نے گاڑی چلانے والوں کیلئے ہدایت جاری کی ہے کہ شہری سفر کے دوران فوگ لائٹس استعمال کریں۔ دھند سے متعلق معلومات کے لیے موٹر وے پولیس کی ہیلپ لائن 130سے رہنمائی لی جا سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے منگل اور بدھ سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اورپہاڑوں پربرفباری کی پیش گوئی کردی ہے۔

کل سے پنجاب ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ سندھ والے ابھی انتظار کریں۔

کوئٹہ ، ژوب ، کوہاٹ ، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، پشاور ، لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں، راولپنڈی ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر بارش ہوگی جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑوں پربرفباری کاامکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے زیادہ ترحصوں میں موسم سرد اورخشک رہےگا۔ میدانی علاقوں میں دھند کاسلسلہ برقراررہے گا ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش سےخشک سردی کاخاتمہ ہوجائےگا اور دھند کی شدت میں کمی آئے گی۔