رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا

رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا

لاہور(نیوزلیب) رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا۔ رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ شروع ہو گیا، کل پہلا روزہ ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز صوبہ پنجاب سمیت ملک بھر میں کہیں سے بھی ماہ صیام کے چاند کے حوالے سے شہادتیں موصول نہیں ہوئی تھیں جس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان میں یکم رمضان المبارک 7 مئی بروز منگل کو ہوگا۔

محکمہ موسمیات نے بھی کہا تھا کہ رمضان المبارک کا چاند ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب 3 بج کر 46 منٹ پر پیدا ہوا جس کی وجہ سے چاند نظر آنے کے امکانات بہت کم ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چاند کا زمین سے زاویائی فاصلہ کم از کم 16 ڈگری جبکہ سورج سے زاویائی فاصلہ کم از کم 10 ڈگری ہونا چاہیے۔ چاند کی عمر غروب آفتاب کے وقت 16 گھنٹے اور 4 منٹ ہوگی۔ غروب آفتاب آج 6 بج کر 46 منٹ پر ہوا۔ لاہور میں صرف 7 بج کر 15 منٹ تک چاند دیکھا جا سکتا تھا۔

دوسری جانب آج خلیجی ریاستوں میں پہلا روزہ رکھا گیا۔ ان ممالک میں قطر، انڈونیشیا، لبنان، شام، مصر اور مراکش شامل ہیں۔ امریکا اور یورپ کے کئی ممالک میں بھی چھ مئی کو پہلا روزہ رکھا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بابرکت مہینہ کے آغاز پر امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک الله تعالیٰ کی رضا، خوشنودی اور رحمتیں سمیٹنے کا نادر موقع فراہم کرتا ہے۔ اہل وطن سحر، افطار اور تراویح میں ملک وقوم کی سلامتی، امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعائیں کریں۔