بہاول پور: بہاولپور کے شب وروز  کی تازہ ترین خبریں ڈاکٹر نوید انجم سے

بہاول پور: بہاولپور کے شب وروز  کی تازہ ترین خبریں ڈاکٹر نوید انجم سے

بہاول پور(ڈاکٹر نوید انجم سے) ریجنل پولیس آفیسربہاول پور محمد فیصل رانانے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسربہاول پور ڈاکٹر محمد اقبال کے ہمراہ پولیس لائنز میں ڈولفن ہیڈکوارٹر اور سیف سٹی پراجیکٹ کی زیر تعمیر بلڈنگز کا معائنہ کیا۔ریجنل پولیس آفیسر محمد فیصل رانا نے اس موقع پر کہا کہ ڈولفن ہیڈ کوارٹر اور سیف سٹی پراجیکٹ معاشرے کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے اور بالخصوص کرائم کی بیخ کنی کے لئے ناگزیر اہمیت کے حامل پراجیکٹ ہیں چنانچہ دونوں منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لئے فاسٹ ٹریک بنیادوں پر کام کیا جائے۔ایکسئن بلڈنگ نے معائنہ کے موقع پر آر پی او بہاول پور محمد فیصل رانا کو سیف سٹی پراجیکٹ اور ڈولفن ہیڈ کوارٹر پراجیکٹ کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ریجنل پولیس آفیسر بہاول پور نے معائنہ کے دوران تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیااور کام کوبروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔آر پی او بہاول پور فیصل رانا نے ڈی پی او بہاولپور ڈاکٹر محمد اقبال کو ہدایت کی کہ وہ کام کے معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے اپنی نگرانی میں تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائیں ۔اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن محمد سلیم نیازی، ایس پی لیگل جاوید اقبال باجوہ،ایکسئن بلڈنگ، ایس ڈی او بلڈنگ اور کنٹریکٹر بھی موجود تھے۔

بہاول پور(ڈاکٹر نوید انجم سے)ڈائریکٹر انٹی کرپشن بہاول پور عمران رضا نے ضلع بہاول پور میں 6 کروڑ 60 لاکھ روپے کی لاگت سے سیوریج اور ٹف ٹائلز کے منصوبوں میں ناقص میٹریل کے استعمال اور فرضی ادائیگیوں کی شکایات پر محکمہ انٹی کرپشن کو انکوائری کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں اور اس سلسلہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر انویسٹی گیشن محمد عابد وڑائچ کو انکوائری آفیسر مقرر کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر انٹی کرپشن نے منصوبہ تعمیر سیوریج وٹف ٹائلز جھانگڑہ شرقی احمد پور شرقیہ جس کا تخمینہ لاگت3کروڑ60لاکھ روپے ہے اور منصوبہ تعمیر سیوریج وٹف ٹائلز چیلے واہن خیر پور ٹامیوالی جس کا تخمینہ لاگت 3کروڑ روپے ہے میں ناقص میٹریل کے استعمال اور فرضی وبوگس ادائیگیوں کی شکایت پر محکمہ انٹی کرپشن کو احکامات جاری کئے ہیں۔

بہاول پور(ڈاکٹر نوید انجم سے)ڈپٹی کمشنر بہاول پور محمد ایوب خان نے کہا ہے کہ صفائی نہ صرف ایمان مکمل کرتی ہے بلکہ یہ صحت و تندرستی کی بھی ضمانت ہوتی ہے۔ یہ بات انہوں نے ضلع کونسل ہال بہاول پور میں کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے حوالے سے منعقدہ آگاہی سیمینار سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے حوالے سے ضلع بہاول پور کا نام صوبہ بھر میں سرفہرست لیا جاتا ہے اور انہیں بہاول پور کے ویسٹ فری ہونے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی صرف بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو حاصل ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے اپنے تفویض کردہ بجٹ سے مشینری خریدکی اور بہترین استعمال سے اپنی کارکردگی میں بے پناہ اضافہ کیا۔ انہوں نے بی ڈبلیو ایم سی کے سینٹری سٹاف اور انتظامی افسران کو عیدالاضحی کے موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی بیماریوں کے پھیلاؤ کی ایک بڑی وجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سگریٹ نوشی کرنے والے آس پاس سانس لینے والوں میں پھیپھڑوں کے کینسر کے 16 فیصد پھیلاؤ کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی طرز زندگی سے بیماریوں سے بچاؤ اور ان کا سدباب ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کھانے سے پہلے ہاتھ دھونے اور کھانے کے بعد کلی کرنے سے بہت سی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول میں درخت فلٹر کا کام کرتے ہیں ۔ درخت نہ صرف شور کی آلودگی کو ختم کرتے ہیں بلکہ تازہ آکسیجن بھی انسانوں کو فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کو درخت و پودے لگا کر کنٹرول کیا جاسکتا ہے اور زمین کے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو کم کیا جاسکتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہروں کی صفائی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ دیہاتوں کی صفائی ستھرائی کا دوسرا مرحلہ جلد شروع کیا جائے گا۔کلین اینڈ گرین پنجاب کے حوالے سے منعقدہ سیمینار کے بعد ڈپٹی کمشنر نے ضلع کونسل بہاول پور کے سبزہ زار میں پیلیکن کا پودا لگاکر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا اور بعدازاں عوام میں کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے حوالے سے آگاہی کے لیے ضلع کونسل بہاول پور سے سرائیکی چوک تک آگاہی واک کی گئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد ایوب خان نے خود کی۔ اس موقع پر محکمہ جنگلات ، سوشل ویلفےئر، لوکل گورنمنٹ و دیگر محکموں کے افسران اور سٹاف شریک تھے۔

بہاول پور(ڈاکٹر نوید انجم سے)ڈپٹی کمشنر بہاول پور محمد ایوب خان نے آفات سے آگاہی کا دن منانے کے موقع پر 8اکتوبر کے زلزلے اور دیگر حادثات میں ہونے والے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے فرید گیٹ سے بہاول وکٹوریہ ہسپتال تک واک کی قیادت کی۔ اس موقع پر ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر آصف رحیم چنڑ، ریسکیوئرز اور سکولوں کے بچوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں حادثات سے ہونے والے نقصانات، بچاؤ اور بحالی کے عبارات والے بینرز تھام رکھے تھے۔

بہاول پور(ڈاکٹر نوید انجم سے)ایگزیکٹو انجینئر آپریشن میپکو سٹی ڈویژن بہاول پور کے جاری کردہ مراسلہ کے مطابق سب ڈویژن سیٹلائٹ ٹاؤن ، عباسیہ، بغداد کے فیڈر دربار محل، آزادی، ڈیرہ بکھا اور قائد اعظم سولر پارک میں9 اکتوبر کو صبح ساڑھے 7 بجے سے دوپہر1:30 بجے 6 گھنٹے تک بجلی کی فراہمی منقطع رہے گی۔ لوڈ شیڈنگ سالانہ مرمت کی وجہ سے کی جائے گی۔