بہاول پور: بہاولپور کے شب وروز  کی تازہ ترین خبریں ڈاکٹر نوید انجم سے

بہاول پور: بہاولپور کے شب وروز  کی تازہ ترین خبریں ڈاکٹر نوید انجم سے

بہاول پور(ڈاکٹر نوید انجم سے)صوبائی وزیر ایکسائز ، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب حافظ ممتاز احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق قوم کا پیسہ صرف اور صرف عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر قوم کو شفافیت کا یقین ہو گا تو معاشرہ کا ہر فرد ملک و قوم کی اجتماعی بہبود کے لئے واجبات ایمانداری سے ادا کرے گا۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں ماڈل ٹاؤن اے میں ون ونڈو آپریشن کے لئے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سروس سینٹر کے افتتاح کے موقع پر بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ایک ہی چھت تلے محکمہ ایکسائز سے متعلق ہمہ قسم سہولیات یقینی بنانے کے لئے پنجاب بھر میں 9سہولت سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے دو سینٹرز بالخصوص جنوبی پنجاب میں عوام کی سہولت کے پیش نظرقائم کئے گئے ہیں۔ یہ سہولت سینٹرز صبح شام دو شفٹوں میں خدمات سرانجام دیں گے۔ انہوں نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فیسی لیٹیشن سینٹرز آنے والی عوام کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آنے اور عوام کے مسائل بلاتاخیر حل کرنے کی ہدایات دیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بہاولپور ڈویژن افتخار احمد، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر بہاولپور راؤ جاوید اختر ، سابق صدر چیمبر آف کامرس اعجاز ناظم، اسسٹنٹ کمشنر سٹی رابعہ سیال، صدر انجمن تاجران حافظ محمد یونس، جنرل سیکرٹری انجمن تاجران محمد کلیم سمیت محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے انسپکٹرز و دیگر سٹاف اور زرائع ابلاغ کے نمائندے موجود تھے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عمل جاری ہے جس کے تحت اینڈرائڈ Andriod فون موبائل اپلیکیشن کے ذریعے ہر فرد اپنا پراپرٹی ٹیکس، موٹر کار رجسٹریشن و ٹوکن ٹیکس، ٹرانسفر ملکیت و نمبر پلیٹ سے متعلق ون کلک سے معلومات تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا جدید طریقہ کار عوام کو کسی ابہام سے محفوظ رکھتا ہے اور شفافیت سے واجبات ادا کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محمد افتخار نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن تاجر برادری سے بہترین رابطہ میں ہے اور تاجر برادری کی ٹیکس واجبات کی ادائیگی کے لئے درپیش مسائل کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سروس سینٹر کا قیام ٹیکس کی بلا تاخیر وصولی اور عوام کی سہولت کے لئے ایک اہم قدم ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نیسروس سینٹر میں بٹن دبا کر ٹکٹ سینٹر کا افتتاح کیا۔ صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد نے اپنا ٹکٹ لے کر سروس سینٹر کے طریقہ کار کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ سروس سینٹرز پر ٹکٹ سسٹم کے تحت سروس فراہم کی جائیں گی اور ہر سائل اپنی باری پر اپنا مسئلہ حل کروا سکے گا۔,

بہاول پور(ڈاکٹر نوید انجم سے)ڈپٹی کمشنر بہاولپور محمد ایوب خان نے کہا ہے کہ صاف و سرسبز پنجاب مہم کے تحت ضلع بھر میں ناجائز تجاوزات کا خاتمہ کر کے 20 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی زمین واگزار کروائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 1282کنال سرکاری رقبہ ناجائز قابضین سے واگزار کروایا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے چھٹے روز بھی کامیاب آپریشن جاری ہے۔ ضلع بھر میں 163 ناجائز پکی بنی ہوئی تجاوزات جن میں مکانات بھی شامل ہیں مسمار کر کے رقبہ واگزار کروایا گیا ہے جبکہ 482 منقولہ تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا ہے اور فٹ پاتھ، سڑکیں اور دیگر راستے کشادہ بنا دیئے گئے ہیں۔ صاف و سرسبز پنجاب مہم کے دوران تقریباً 800 افراد کو متنبہ کیا گیا ہے جبکہ 8افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی گئی ہے اور بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں۔

بہاول پور(ڈاکٹر نوید انجم سے)ڈپٹی کمشنر بہاول پور محمد ایوب خان کی زیر صدارت صاف و سرسبز پنجاب مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس ان کے دفتر کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کلین اینڈ گرین پنجاب کے باقاعدہ افتتاح کاحتمی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی نمائندوں کی شرکت کو یقینی بناتے ہوئے عوامی آگاہی کے لیے مختلف پروگرامز کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب کا باقاعدہ افتتاح ضلع کونسل ہال میں منعقدہ آگاہی سیمینار سے کیا جائے گا جس میں عمائدین شہر ، اہم شخصیات سمیت عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع کونسل کے سبزہ زار میں پودے لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام الناس کی آگاہی کے لیے ضلع کونسل ہال سے سرائیکی چوک تک آگاہی واک کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس موقع پر اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد خورشید، ایم ڈی بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اختر ، چیف آفیسر ضلع کونسل ارشد گھمن، سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر عظیم ذیشان ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفےئر اشتیاق احمد، ڈسٹرکٹ آفیسر سپورٹس و دیگر افسران شریک تھے۔