اسلام آباد: لارڈ نذیر کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر روک لیا گیا

اسلام آباد: لارڈ نذیر کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر روک لیا گیا

اسلام آباد(نیوزلیب) برطانوی ممبر پارلیمنٹ لارڈ نذیر احمد کو لندن سے پاکستان آمد پر اسلام آباد ائیرپورٹ پر روک لیا گیا، ایف آئی اے نے کئی گھنٹوں کے انتظار کے بعد 72 گھنٹوں کیلئے داخلے کی اجازت دی۔

واقعے کے بعد لارڈ نذیر احمد نے نیوزلیب سے گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا حکومتی اعلان کے مطابق زائد المعیاد شناختی کارڈ پر پاکستان داخلے کی اجازت ہے، اس کے باوجود کئی گھنٹے روکنا زیادتی ہے۔

برطانوی رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا سول سروس اور گورنمنٹ کے بیان میں تضاد نظر آتا ہے، وزیراعظم عمران خان کو ایسے نادان لوگوں کو اختیار نہیں دینا چاہیے۔

گزشتہ سے پیوستہ

ایوان صدر کو ایک بار پھر عوام کےلیے کھول دیا گیا ہے، صبح 9 سے 12 پھر دوپہر ایک بجے سے سہ پہر 4 بجے تک سیر کی جاسکے گی۔

سرکاری عمارتوں کو عوام کےلیے کھولنے کا سلسلہ نہ تھما، ایوان صدر کے دروازے ایک بار پھر لوگوں کےلیے کھل گئے۔ ایوان صدر صبح 9 بجے سے 12 بجے اور دوپہر ایک بجے سے سہ پہر4 بجے تک کھلا ہے۔ اہم سرکاری عمارت کے اندر جانے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد صبح سے ہی جمع ہوگئی۔

بچے بڑے سبھی پہنچے، شہریوں کو شناختی کارڈ دکھا کر اندر جانے کی اجازت ملی۔ ایوان صدر کے باہر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، اس سے پہلے 8 دسمبر کو بھی ایوان صدر شہریوں کے لیے کھولا گیا تھا۔

موسم کی صورت حال

ملک کے بیشتر علاقوں میں دھند آج بھی چھائی رہی، حد نگاہ انتہائی کم رہنے سے موٹروے اور نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثرہوئی، دھند کے باعث ٹرینوں اور پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں دھند کے ڈیرے، حد نگاہ انتہائی کم، موٹر وے اور نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، ریل گاڑیوں اور پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر رہا، مسافروں کو پریشانی سے دو چار ہونا پڑا، لاہور ائیر پورٹ پر بھی دھند کے باعث متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار رہیں۔

ملتان، فیصل آباد، ساہیوال، لودھراں، بہاولپور، ہارون آباد اور گردونواح میں شدید دھند نے گاڑیوں کو رینگ رینگ کر چلنے پر مجبور کیا۔ ملک میں سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 10، کالام منفی 7، استور منفی 6، قلات منفی 5، کوئٹہ منفی 4 اور مری میں منفی ایک رہا۔ جبکہ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت ایک، لاہور 2، پشاور ایک اور کراچی میں 12 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے شمالی علاقوں میں شدید سردی جبکہ بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، بالائی اور میدانی علاقوں میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔