علی ظفر کی حب الوطنی نے بھارت کو آگ بگولا کر دیا

علی ظفر کی حب الوطنی نے بھارت کو آگ بگولا کر دیا

لاہور: سپر اسٹار علی ظفر کی حب الوطنی نے بھارتی اداکاروں کو آگ بگولا کر دیا، تہذیب ہی بھول گئے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ ٹویٹر پر بھارتی شہری اور اداکاروں‌ سے علی ظفر کی پاکستان سے محبت ہضم نہیں ہو سکی.

پلوامہ واقعے کے بعد معروف اداکار نے ہر مرحلے پر امن کا پرچار کیا اور وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے مذاکرات کی دعوت اور تحقیقات کی پیش کش کو سراہا.

یہ عمل سینئر بھارتی اداکار اور بی جے پی کے رہنما پریش راول کو ایک آنکھ نہیں بھایا. علی ظفر نے پلوامہ کے بعد وزیر اعظم کی تقریر کو سراہتے ہوئے لکھا: ’’کیا شان دار تقریر ہے.‘‘

چند روز بعد جب بھارت نے نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک کا ڈھونگ کیا، تو پریش راول بغلیں بجاتے ہوئے بچگانہ طنز کرتے نظر آئے.

گو دیگر بھارتی فن کاروں اورانڈسٹری سے جڑی شخصیات نے پریش راول کا ساتھ دیا، مگر چند اداکاروں‌ نے ان کا دفاع بھی کیا.

اجے دیوگن اور سونو نگم، جو عام طور پر پاکستان مخالف ہیں، انھوں نے اس بار معتدل رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی ہیں، وہ جو کر رہے ہیں، اپنے طور پر ٹھیک کر رہے ہیں.