کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار عرفان صدیقی جیل سے رہا

کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار عرفان صدیقی جیل سے رہا

اسلام آباد(نیوزلیب) کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار مشیر سابق وزیراعظم عرفان صدیقی کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔ مجسٹریٹ مہرین بلوچ نے عرفان صدیقی کی ضمانت منظور کی تھی۔

عدالت نے عرفان صدیقی کی ضمانت 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔ یاد رہے عدالت نے عرفان صدیقی کو کل 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا تھا۔

واضح رہے سابق مشیر عرفان صدیقی کو اسلام آباد کے سیکٹر جی 10 تھری میں ان کی رہائش گاہ کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کی خلاف ورزی کی گئی جس پر دفعہ 188 کا مقدمہ درج کیا گیا۔ عرفان صدیقی کی جانب سے اپنے کرایہ دار کے کوائف نہیں جمع کروائے گئے تھے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق جاوید اقبال بمعہ خاندان اس گھر میں رہائش پذیر ہے جن کا اندراج مالک مکان نے متعلقہ تھانہ میں نہیں کرایا، عرفان صدیقی کو پوچھ گچھ کرنے پر تھانے میں بلایا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، قانون کی خلاف ورزی کرنے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا گیا۔