کراچی میں بارش: وفاقی حکومت نے فوج سے مدد طلب کر لی

کراچی میں بارش: وفاقی حکومت نے فوج سے مدد طلب کر لی

اسلام آباد(نیوزلیب) شہر قائد میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت متحرک ہو گئی ہے، حالات کو بہتر کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے پاک فوج سے مدد طلب کر لی۔

تفصیلات کے مطابق آج میئر کراچی نے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کو خط لکھ کر وفاق سے شہر کی حالت بہتر کرنے کے لیے مدد طلب کی تھی، جس پر وفاقی حکومت نے فوج سے مدد طلب کر لی ہے۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے اس سلسلے میں ایف ڈبلیو او کے اعلیٰ حکام اور این ڈی ایم اے سے رابطے کیے اور کراچی کی صورت حال پر تعاون مانگا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق پاک فوج سمیت این ڈی ایم اے، ایف ڈبلیو او کراچی میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لیں گے، وزیر اعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر علی زیدی صبح کراچی روانہ ہوں گے۔

قبل ازیں، وزیر اعظم عمران خان نے بھی کراچی میں بارش کے بعد کی صورت حال کا نوٹس لیا، وزیر اعظم نے وفاقی وزیر علی زیدی سے ملاقات کر کے کراچی کی صورت حال پر گفتگو کی۔

وزیر اعظم نے علی زیدی کو فوری میئر کراچی سے رابطے اور ضروری تعاون کی ہدایت کی۔ انھوں ںے کہا کہ عوام کی پریشانی دور کرنے کے لیے میئر کراچی سے تعاون کیا جائے۔

واضح رہے کہ آج میئر کراچی وسیم اختر نے وفاق سے مدد مانگ لی، کہا شہر قائد میں مزید بارش ہوئی تو ہمارے لیے سنبھالنا نا ممکن ہو جائے گا، وفاقی حکومت ہماری مدد کو آگے آئے۔