پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 5.3 شدت کا زلزلہ

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان کے مختلف علاقوں میں آج پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، نیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.3 اور گہرائی 187 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز افغانستان تاجکستان سرحد کے قریب تھا۔

ذرائع کے مطابق زلزلے کے جھٹکے پشاور، سوات، مردان، مالا کنڈ سمیت مختلف علاقوں میں محسوس کئے گئے جبکہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں بھی زمین لرز گئی، تاحال کسی بھی قسم کے نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے کئی علاقوں میں 2 بار مختلف اوقات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جس میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔