ورلڈکپ سیمی فائنل: نیوزی لینڈ کیخلاف بھارتی ٹیم مشکلات کا شکار

ورلڈکپ سیمی فائنل: نیوزی لینڈ کیخلاف بھارتی ٹیم مشکلات کا شکار

مانچسٹر(نیوزلیب ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت کی نیوزی لینڈ کیخلاف بیٹنگ جاری ہے جس میں کوہلی الیون مشکلات کا شکار ہے۔

بھارت کی اننگز۔۔۔۔۔۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت کی طرف سے روہت شرما اور لوکیش راہول نے اننگز کا آغاز کیا، کیویز باؤلر میٹ ہینری نے دوسرے ہی اوور میں میگا ایونٹ میں رنز کے انبار لگانے والے روہت شرما کو پویلین بھیج دیا۔ انہوں نے ایک رن بنائے۔ تیسرے اوور میں ٹرینٹ بولٹ نے ویرات کوہلی کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ چوتھے اوورز کی پہلی گیند پر ایک مرتبہ پھر میٹ ہینری نے شاندار گیند کر کے لوکیش راہول کی وکٹ حاصل کی، وکٹ کیپر ٹام لیتھم نے کیچ تھاما۔ بیٹسمین صرف ایک رن بنا سکے۔

وکٹ گنوانے کے بعد بھارتی ٹیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرنے کی کوشش کی تاہم حریف باؤلرز کی شاندار باؤلنگ کے سامنے بیٹسمین کچھوے کی چال کی طرح بیٹنگ کرتے رہے، 10 اوورز کی آخری گیند پر میٹ ہینری نے دنیش کارتک کی وکٹ حاصل کی، انہوں نے 25 گیندوں پر 6 رنز بنائے۔ جیمی نیشام نے بیٹسمین کا کیچ تھاما۔

اس دوران رشب پانٹھ نے مزاحمتی اننگز کھیلنے کی کوشش کی اور ہردیک پانڈیا کیساتھ مل کر ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا، دونوں نے 47 رنز کی پارٹنر شپ بنائی جو سپنر مچل سینٹر نے توڑی، لیفٹ ہینڈ بیٹسمین رشب پانٹھ جلد بازی میں وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 56 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔

اس وقت بھارتی ٹیم نے 25 اوورز میں 80 رنز بنا لیے ہیں۔ ہردیک پانڈیا25 جبکہ ایم ایس دھونی 1 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔
نیوزی لینڈ کی اننگز۔۔۔۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مارٹن گپٹل اور نکولس نے اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم کیویز ٹیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کی، تاہم اوپنر گپٹل پورے ایونٹ کی طرح اس بار بھی سیمی فائنل مرحلے میں ناکام رہے اور 14 گیندوں پر ایک رن بنا کر فاسٹ باؤلر بمرا کا شکار بن گئے، کوہلی نے ان کا سلپ میں شاندار کیچ تھاما۔

کپتان ولیمسن اور نکولس نے سکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم دونوں نے بھی کچھوے کی چال کی طرح بیٹنگ کی، 68 رنز کی پارٹنر شپ بنائی جس کا اختتام سپنر جڈیجا نے کیا۔ نکولس 51 گیندوں پر 28 سکور بنا کر سپنر کی شاندار گیند پر بولڈ ہو گئے۔ کپتان کین ولیمسن نے 95 گیندوں پر 67 سکور کی باری کھیلی اور چاہل کی گیند پر جڈیجا کو کیچ دے بیٹھے۔ جیمی نیشام 12 سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بیٹسمین کو پانڈیا نے آؤٹ کیا۔ کولن ڈی گرینڈ ہوم کی مزاحمت 16 رنز پر دم توڑ گئی۔ بھونیشور کمار کی گیند پر دھونی نے کیچ پکڑا۔

روز ٹیلر 74 سکور کی شاندار باری کھیل کر رویندرا جڈیجا کی گیند پر رن آؤٹ ہو گئے۔ ٹام لیتھم نے 10 سکور بنائے۔ ہینری ایک رن بنا کر پویلین چلتے بنے۔ بھونیشور کمار نے ان کی وکٹ حاصل کی۔ کیویز کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 239 رنزبنائے۔ بھونیشور کمار نے تین، بمرا، پانڈیا، جڈیجا،چاہل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔