ن لیگ سندھ میں نیا سیاسی اتحاد بنانے کیلئے میں مصروف

ن لیگ سندھ میں نیا سیاسی اتحاد بنانے کیلئے میں مصروف

لاہور (نیوزلیب)مسلم لیگ ن نے سندھ میں پیپلزپارٹی کیخلاف نئے سیاسی اتحاد کی تیاریاں شروع کردیں، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف 22 اپریل کو کراچی میں اہم ملاقاتیں کریں گے۔
عام انتخابات 2018ء میں پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کیلئے مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت متحرک ہوگئی، سندھ میں نئے اتحاد کی تیاریاں کی جارہی ہیں، ن لیگ کے صدر شہباز شریف 22 اپریل کو کراچی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے بتایا کہ اے این پی، ایم کیو ایم پاکستان اور گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس سے سیاسی الحاق ہوسکتا ہے، متحدہ قومی موومنٹ اور پیر پگارا سے مثبت بات چیت چل رہی ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ سندھ کے عوام اب شہباز شریف کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

نواز شریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ نون کی صدارت وزیراعلیٰ پنجاب کو مل چکی ہے، وہ چند روز قبل بھی کراچی کا ایک دورہ کرچکے ہیں۔

شہباز شریف نے کراچی میں تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی حکومت پر شدید تنقید کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ ’’مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیں سوں‘‘ کا نعرہ لگانے والوں کا اصل مطلب تھا ’’مرسوں مرسوں کوئی کام نہ کر سوں‘‘۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ کراچی کا امن مسلم لیگ ن کی حکومت بحال کر چکی، اب سندھ کو اس کی بنیادی سہولیات بھی ہم فراہم کریں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان بانی قائد سے کنارہ کشی کے بعد شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس میں شامل رہنماء اور جماعتیں پچھلے کئی انتخابات میں پیپلزپارٹی کو شکست دینے میں ناکام رہی ہیں۔