لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

لاہور(نیوزلیب) لاہور کی انسداد منشیات عدالت نے پاکستان مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

لیگی رہنما کی پیشی کے موقع پر ضلع کچہری کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ ضلع کچہری کے اطراف میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند رہا، متعلقہ عدالت کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی، پولیس حکام نے ضلع کچہری کے باہر خاردار تاریں لگائیں۔

دنیا نیوز نے اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے رانا ثنا اللہ کے خلاف درج مقدمہ کی کاپی حاصل کر لی۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ اینٹی نارکوٹکس نے رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے 21 کلو سے زائد منشیات برآمد کی، برآمد ہونے والے منشیات میں 15 کلو ہیروئن بھی شامل ہے۔

مقدمے میں منشیات ایکٹ کی 9 سی، 15، 17 اور دیگر دفعات شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں کہا گیا کہ مخبر نے اطلاع دی راناثنااللہ کی گاڑی میں منشیات ہے، راناثنااللہ کی گاڑی کو روکنے کیلئے حکمت عملی مرتب کی گئی، موٹر وے سے آنیوالی تمام گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔

راناثنا اللہ کی گاڑی کو روکا تو ان کے ساتھیوں نے ہاتھا پائی کی، اے این ایف ٹیم نے راناثنااللہ سے منشیات سے متعلق دریافت کیا، راناثنااللہ نے سیٹ کے پیچھے رکھے سوٹ کیس کی نشاندہی کی، راناثنااللہ نے سوٹ کیس میں موجود لفافے میں ہیروئن کی نشاندہی کی۔

یاد رہے گزشتہ روز انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے گاڑی سے منشیات برآمد ہونے پر مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کو گرفتار کیا تھا۔ وہ لاہور میں اجلاس کی صدارت کیلئے فیصل آباد سے آرہے تھے۔

ترجمان کے مطابق رانا ثنااللہ کو بہت سے شواہد کی روشنی میں گرفتا کیا گیا، اس حوالے سے تحقیقات بھی جلد منظر عام پر لائی جائیں گی۔ رانا ثنا کی گرفتاری سے قبل اے این ایف نے چند منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جس کے بعد رانا ثنااللہ کو حراست میں لیا گیا۔