عالمی کرکٹ کپ: انگلینڈ کی بنگلادیش کیخلاف بیٹنگ جاری

عالمی کرکٹ کپ: انگلینڈ کی بنگلادیش کیخلاف بیٹنگ جاری

کارڈیف(نیوزلیب) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے بارہویں میچ میں انگلینڈ کی بنگلادیش کے خلاف بیٹنگ جاری ہے، انگلش ٹیم نے 7 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 40 رنز بنا لئے۔

انگلینڈ کے اوپننگ بلے بازوں نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا، جسین روئے نے 27 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنالئے جبکہ جونی بئرسٹو 18 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 13 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

بنگلادیش نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کے خلاف پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم انگلینڈ نے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو ہرایا تھا جبکہ دوسرے میچ میں اسے پاکستان کے ہاتھوں 14 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

ٹاؤنٹن میں دوسرے میچ میں افغانستان کو نیوزی لینڈ کا چیلنج درپیش ہے، یہ میچ شام ساڑھے 5 بجے کھیلا جائے گا۔ افغان ٹیم ابتدائی دونوں میچ ہارچکی ہے۔ نیوزی لینڈ نے پہلے میچ میں سری لنکا کو 10 وکٹوں اور دوسرے میں بنگلہ دیش کو 2 وکٹوں سے دھول چٹائی تھی۔

آئی سی سی ورلڈ کپ میں کھیلے گئے اب تک کے میچز کے مطابق پوائنٹس ٹیبل میں 4 پوائنٹس کی بدولت نیوزی لینڈ سرفہرست ہے جبکہ اتنے ہی میچز جیتنے والی ٹیم آسٹریلیا صرف رن ریٹ کی بنیاد پر دوسرے نمبر پر ہے۔ سری لنکا بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر تیسرے جبکہ پاکستان چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔

ایونٹ میں پاکستان کو پہلے میچ میں عبرتناک شکست سے دوچار کرنے والی ٹیم ویسٹ انڈیز پانچویں جبکہ میزبان اور ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیم انگلینڈ چھٹے نمبر پر پہنچ چکی ہے۔ ایک میچ کھیل کر کامیاب رہنے والی ٹیم بھارت ساتویں جبکہ ٹیم بنگلادیش آٹھویں پوزیشن حاصل کرچکی ہیں۔

ورلڈ کپ میں جیت کا کھاتا نہ کھولنے والی ٹیم جنوبی افریقہ نویں اور ٹیم افغانستان دسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔