سلامتی کونسل اجلاس: پاکستان نے کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچا دی

سلامتی کونسل اجلاس: پاکستان نے کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچا دی

نیویارک(نیوزلیب) مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس ہوا.

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اقوام متحدہ میں مستقل چینی مندوب کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے، مسئلہ کشمیر ان ہی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ بھارت کے حالیہ اقدام سے خطے کی کشیدگی میں اضافہ ہو چکا ہے۔ فریقین کو کسی بھی یکطرفہ کارروائی سے گریز کرنا چاہیے۔

چینی مندوب کا کہنا تھا کہ کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل ارکان نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان اور بھارت ترقی پزیر ممالک ہیں ، جنوبی ایشیا میں امن ترقی کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ چین اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کے اجلاس کا خیر مقدم کرتا ہے۔ یہ اجلاس پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی درخواست پر بلایا گیا تھا۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ آج ثابت ہوا کہ جموں وکشمیر بھارت کا اندرونی نہیں بلکہ ایک عالمی مسئلہ ہے۔ پاکستان جموں وکشمیر کے پرامن حل کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کونسل کے اجلاس کو رکوانے کی کوشش کی گئی لیکن اس کے باوجود آج جموں وکشمیر کے لوگوں کی آواز سنی گئی ہے۔ پاکستان نے مظلوم کشمیریوں کی آواز پوری دنیا تک پہنچا دی ہے۔