خیبر پختونخوا میں آج سرکاری سطح پر عید الفطر منائی جارہی ہے

خیبر پختونخوا میں آج سرکاری سطح پر عید الفطر منائی جارہی ہے

پشاور(نیوزلیب) خیبر پختونخوا میں آج سرکاری سطح پر عید الفطر منائی جارہی ہے، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ہنگو، بنوں سمیت ضم شدہ قبائلی اضلاع میں عید الفطر کی نماز ادا کی گئی۔

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے آج صوبے میں سرکاری سطح پر عید منانے کے اعلان کے بعد صوبے بھر میں عید الفطر منائی جارہی ہے۔ پشاور میں نماز عید کا مرکزی اجتماع عید گاہ چارسدہ روڈ پر ہوا جس میں مولانا اسماعیل نے نماز عید ادا کی، بڑی تعداد میں شہریوں نے نماز عید ادا کی۔

پشاور کے علاوہ نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ہنگو، بنوں، چارسدہ سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع اور ضم شدہ قبائلی اضلاع میں بھی عید الفطر منائی جائی رہی ہے۔ گزشتہ روز صوبائی وزیر اطلاعات نے مقامی کمیٹی کو شہادتیں موصول ہونے کے بعد سرکاری سطح پر آج عید منانے کا اعلان کیا تھا۔

گذشتہ روز مفتی منیب الرحمان نے مرکزی رویت ہلال کی چیئرمین شپ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو دینے کی تجویز پر حکومت ہی ان کے ہاتھوں میں سونپنے کا مشورہ دیدیا۔

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی کی جانب سے مفتی منیب الرحمان کو آرام دینے اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی بنانے کا مشورہ دینے کے جواب میں مفتی منیب نے کہا ہے کہ حکومت ہی مفتی پوپلزئی کے کنٹرول میں دے دیں، تمام کام چوبیس گھنٹے پہلے ہو جایا کریں گے بلکہ پشاور بی آر ٹی بھی حوالے کر دیں، شاید جلدی مکمل ہو جائے۔

خیال رہے کہ شوکت یوسفزئی نے ذاتی رائے دیتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کی چیئرمین شپ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو دینے کی تجویز دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ میرا خیال ہے کہ مفتی منیب کو اب آرام دیدیا جائے اور یہ ذمہ داری مفتی پوپلزئی کے سپرد کی جائے کیونکہ ان کے اکثر فیصلے درست ہوتے ہیں۔

ادھر وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے رویت کے مسئلے کے حل کیلئے قمری کیلنڈر اور ایپلی کیشن کو وزارت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مفتی منیب الرحمان اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی ہمارے بزرگ ہیں، میں ان کا احترام کرتا ہوں۔